بس حادثہ: بارہ ہلاک، تئیس زخمی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے شہر بہاولپور کے قریب ایک ٹریفک حادثے میں بارہ افراد ہلاک جبکہ تئیس زخمی ہوئے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب کراچی سے جلالپور پیروالہ جانے والی ایک مسافر بس احمد پور شرقیہ روڈ پر نور پور گاؤں کے قریب سامنے سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹریلر سے ٹکرا گئی ۔ حادثے کے نتیجے میں نو افراد موقع پر ہلاک جبکہ تین ہسپتال جا کر دم توڑ گئے۔ہلاک ہونے والوں میں حادثے کا شکار ہونے والی دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور بھی شامل ہیں ۔ جائے حادثہ سے متعلقہ تھانہ مسافر خانہ کے ڈیوٹی افسر نے بس ڈرائیور کا نام نذر حسین اور ٹریلر ڈرائیور کا نام محمد حبیب بتایا ۔ہلاک ہونے والے دیگر دس افراد میں سے چھ کی شناخت ہو پائی ہے ۔ شناخت ہو جانے والے افراد کے نام ثمینہ بی بی، خادم حسین، محمد اسلم، ریاض حسین، نور محمد اور انور مائی معلوم ہوئے ہیں ۔ زخمیوں کو بہاولپور کے بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ڈاکٹروں کے مطابق سات زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے ۔ شدید زخمیوں میں زیادہ تر افراد کو سر پر چوٹیں آئی ہیں اور ہسپتال کے شعبہ نیورو سرجری میں اُن کے آپریشن کیے جارہے ہیں |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||