| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
بس حادثہ: پچاس طالبات ہلاک
انڈونیشیا میں بس کے ایک حادثے میں پچاس طالبات سمیت تریپن افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والی طالبات ایک مطالعاتی دورے سے واپس آ رہی تھیں۔ انڈونیشیا کے مشرقی صوبے جاوا میں حادثے کا شکار ہونے والی بس ایک ٹرک اور ایک منی ویگن سے ٹکرا جانے کے بعد ان کے درمیان پھنس گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔ بس میں آگ لگ جانے کے باعث زیادہ تر لڑکیاں جل کر ہلاک ہو گئیں۔ یہ حادثہ رات کے وقت پیش آیا جب لڑکیوں سے بھری ہوئی یہ بس بالی سے یوگ جکارتہ واپس آرہی تھی۔ ہائی سکول کی یہ لڑکیاں بالی ایک مطالعاتی دورے پر گئی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لگتا ہے ایک ٹرک جو کہ چڑھائی پر تھا مخالف سمت سے آنے والی بس سے ٹکرا گیا۔ پیچھے آنے والی ایک ویگن بھی اپنی رفتار پر قابو نہ رکھ سکی اور بس سے ٹکرا گئی۔ مرنے والوں میں سکول کی پچاس طالبات، ایک لڑکا اور دو اساتذہ شامل ہیں۔ حادثے کے باعث ان لڑکیوں کا سکول شدید صدمے کا شکار ہے اور اس میں کلاسیں ملتوی کردی گئیں۔ انڈونیشیا میں ٹریفک کے حادثات سڑکوں کی بدترصورت حال کے باعث اکثر ہوتے رہتے ہیں اور بدعنوانی کی وجہ سے گاڑی چلانے کا لائسنس بغیر کسی امتحان کے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||