کراچی:’ڈاکو پولیس اہلکار‘ ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی میں ایک پولیس اہلکار مبینہ طور پر ایک صحافی کو لوٹنے کی کوشش میں ہلاک ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق صحافی کے اہل خانہ نے پولیس اہلکار اور اس کے ساتھیوں پر فائرنگ کر دی۔ نارتھ کراچی کے تھانہ سر سید ٹاؤن کے ڈیوٹی افسر جمیل الرحمٰن نے بی بی سی کو بتایا کہ اس ضمن میں ابتدائی رپورٹ’ایف آئی آر‘ درج کر دی گئی ہے۔ ڈیوٹی افسر نے بتایا کہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب دو بجے کے قریب ہفت روزہ ’وائس آف پولیس‘ کے مدیر ناصر کمال اپنی بیوی اور بچے کے ہمراہ سسرال جا رہے تھے کہ دو موٹر سائیکل سواروں نےان کا پیچھا کیا۔ ان کے مطابق ناصر کمال جیسے ہی سسرال کے گھر پہنچے تو تعاقب کرنے والے موٹر سائیکل سواروں نے صحافی سے اسلحہ کے زور پر موبائیل فون چھین لیا اور ان کی بیگم سے طلائی زیورات اتارنے کو کہا۔ ڈیوٹی افسر نے مزید بتایا کہ اسی دوران صحافی کی سالی نے منظر دیکھ کر اپنے بھائی کو اطلاع دی جس نے اپنی رائفل سے فائرنگ کرکے ایک ڈاکو کو موقع پر ہی ہلاک کردیا جبکہ دیگر فرار ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے شخص کا نام سید شاکر علی بتایا گیا ہے اور یہ بھی وہ ’اینٹی کار لفٹنگ سیل کراچی پولیس‘ میں اسٹنٹ سب انسپکٹر تھا۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار کو کچھ عرصہ قبل ملازمت سے غیرحاضری کی بنیاد پر برطرف کر دیا گیا تھا لیکن بعد میں وہ بحال ہوگئے۔ ہلاک شدہ پولیس اہلکاراداکاری بھی کرتے تھے اور بعض ڈراموں میں پولیس افسر کا کردار بھی ادا کرچکے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||