لاہور: بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کرسمس کے موقع پر جمعہ کو لاہور پولیس نے شہر سے بھاری مقدار میں خطرناک اسلحہ پکڑ نے کا دعوی کیا ہے اور شہر میں حفاظتی اقدام مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔ لاہور پولیس کےایس ایس پی (تفتیشی) شفقات احمد نےایک پریس کانفرس میں بتایا کہ پولیس نے جمعہ کو ایک ناکے پر دو افراد کو گرفتار کیا جو کہ ایک رکشہ میں پچاس سے زیادہ دستی بم ، ایک راکٹ لانچر ، چھ راکٹ راونڈز ، ایک اینٹی کرافٹ گن کی 400 سے زیادہ گولیاں ، بارود کے دس پیکٹ اور پچاس کلو چرس لے کر جا رہے تھے۔ ایس ایس پی کے مطابق پولیس نےچور پُل بستی سیدن شاہ لاہور ناکہ لگایا ہوا تھا کہ ایک رکشہ میاں میر کالونی کی طرف سے آیا جس کو رُکنے کا اشارہ کیا گیا۔ رکشہ رکتے ہی ڈرائیور رکشہ چھوڑ کر بھاگنے میں کامیاب ہو گیا۔ رکشے کی پچھلی سیٹ پر بیٹھے ہوئے دو افراد کو حراست میں لے لیا گیا جن کے نام پتہ دریافت کرنے پر کاشف خورشید اور فیصل منیر معلوم ہوئے۔ یہ دونوں تئیس چوبیس سال کی عمر کے ہیں اور ان کا تعلق لاہور کے مختلف علاقوں سے ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزموں کا تعلق لاہور سے ہے جبکہ گلفام نام کا ایک ملزم بھاگنے میں کامیاب ہو گیا۔ ایس ایس پی نے بتایا کے پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس سعادت اللہ خان کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کچھ لوگ اسلحہ لے کر شہر میں گھوم رہے ہیں اور ان کی ہدایت پر یہ ناکہ لگایا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے دونوں افراد اسلحہ اور منشیات کے سمگلر لگتے ہیں تاہم یہ لوگ خاصے سخت جان ہیں اور ابتدائی تفتیش میں اپنی تنظیم کے متعلق اور دوسری تفصیلات بتانے سے انکار کر رہے ہیں اور ان سے تفتیش ابھی جاری ہےـ لاہور پولیس نے ملزمان کے خلاف ملک میں خطرناک قسم کا اسلحہ اپنے پاس رکھنے کے الزام میں ’ایکسپلوزو ایکٹ‘ کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایس ایس پی پولیس کا کہنا تھا کہ ٹرکوں کے اندر بنائے گئے مخصوص خفیہ خانوں میں اسلحہ چھپا کر لاہور شہر میں لایا جاتا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||