پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ایک گاؤں کی مسیحی آبادی نے علاقے کے ایک بااثر مسلمان زمیندار پر ایک قدیم مسیحی قبرستان کو مسمار کرنے اور اس اراضی پر قبضہ کر کے ہل چلوانے کا الزام عائد کیا ہے۔ فیصل آباد کی تحصیل سمندری کے تھانہ صدر میں یہ ایف آئی آر تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 297 کے تحت درج کی گئی ہے جس کی رو سے کسی قبرستان میں مداخلتِ بیجا کی صورت میں ایک سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔ یہ فوجداری مقدمہ چک نمبر 462 گ ب کے عیسائی باشندوں کی جانب سے وزیرِاعلیٰ پنجاب کو درخواست دینے کے بعد درج ہوا۔ ان مسیحی باشندوں کا کہنا ہے کہ قابض زمیندار کی جانب سے دھمکیوں کے نتیجے میں مسیحی برادری میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ فیصل آباد پولیس کے ایک افسر نے مقدمہ درج کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔
|