لاپتہ لڑکی کی بھی لاش مل گئی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں محبت کی شادی کرنے والی اس لڑکی کو بھی قتل کر دیا گیا ہے جس کے شوہر کو ٹرین کی پٹڑی سے باندھ کر مار دیا گیا تھا اور جو گزشتہ تین روز سے لاپتہ تھی۔ طلعت کی لاش فیصل آباد کی ایک خشک نہر سے برآمد ہوئی ہے۔ طلعت کے شوہر کوتین روز قبل ایک رشتہ دار سمیت ٹرین کی پٹری پر باندھ کر ہلاک ہونے کے لیے چھوڑ دیا گیا تھا جبکہ لڑکی کو اس کے حقیقی بھائی نے اغوا کر لیا تھا۔ فیصل آباد پولیس نے طلعت کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔اس کی لاش انیس اکتوبر کی صبح ہی فیصل آباد کے علاقے سعید کالونی میں ایک خشک نہر سے مل گئی تھی جس کا مطلب ہے کہ اس کے شوہر وحید کے قتل کے فوراً بعد اسے بھی قتل کر دیا گیا تھا لیکن ایک دوسرا شہر ہونے کے باعث دو روز تک اس کی شناخت نہیں ہو سکی تھی۔ فیصل آباد کی پولیس چوکی کے انچارج نے بتایاکہ لڑکی کے سر میں گولی ماری گئی تھی اور ایک راہ گیر کے بیان پر نامعلوم افراد کے خلاف الگ سے قتل کا ایک مقدمہ بھی درج کر لیا گیا تھا لیکن جمعرات کو لڑکی کی ساس منور بی بی نے فیصل آباد جا کر اس کی شناخت کرلی اور شام کو لاش ان کے حوالے کردی گئی ہے۔ طلعت نے دس ماہ پہلے اپنے والدین کی مرضی کے خلاف وحید سے شادی کی تھی اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ایک تھانے میں درج رپورٹ کے مطابق لڑکی کے بھائی کو دونوں خاندانوں میں بظاہر ہونے والی صلح کے باوجود اس شادی کا رنج تھا۔ تین روز پہلے اس نے بدلہ لینے کے لیے اس جوڑے کو ایک رشتہ دار کی مدد سے اغوا کر لیا تھا۔ ملزم الیاس نے مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کی مدد سے دونوں مردوں کو تو ٹرین کی پٹٹری پر باندھ دیا تھا جو منگل کی صبح پانچ بجے گذرنے والی مسافر ٹرین کے نیچے آکر ہلاک ہوگئے تھے اس کے بعد سے طلعت لاپتہ تھی اور خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ اس کے بھائی اسے بھی قتل کر دیں گے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس اس کی تلاش میں رہی حالانکہ وہ اپنے شوہر کے قتل کے چند ہی لمحوں بعد قتل ہوگئی تھی اور دو گھنٹے بعد فیصل آباد کے مکینوں نے اس کی لاش نہر میں پڑی دیکھ بھی لی تھی۔ قتل کے تین روز بعد اس کی شناخت ہوئی تو اس کی وارث اس کی ماں باپ یا بھائی نہیں بلکہ اس کی ساس بنی جس کے بیٹے کو طلعت سے شادی کی وجہ سے قتل کیا گیا تھا۔ طلعت کے سسرال والوں نے جمعرات کی رات ہی اسے دفن کر دیا اس کے جنازے میں اس کے چند سسرالی رشتہ داروں کے سوا کوئی اور شریک نہیں ہوا۔ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کے مطابق ملزم کا پورا خاندان مفرور ہے اور تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||