فحاشی: اسٹیج ڈرامہ پر پردہ گر گیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لاہور کے کراؤن تھیٹر میں دکھائے جانے والے ایک اسٹیج ڈرامہ پر پنجاب حکومت نے فحاشی کاالزام عائد کرتے ہوئے جمعہ کی شب سے پابندی عائد کر دی ہے۔ انہی الزامات پر محکمہ داخلہ پنجاب نے بدھ کے روز محفل اور الفلاح تھیٹروں میں دکھائے جانے والے اسٹیج ڈراموں ’منڈا شہر لاہور دا‘ اور ’مس کال‘ کو بند کردیا تھا۔ لاہور کی ضلعی حکومت کے ایک متعلقہ آفیسر نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ ضلعی حکومت کی نگرانی اور سفارش پر محکمہ داخلہ نے ان ڈراموں پر پابندی کا حکم جاری کیا جس پر آج ضلعی حکومت نے عمل کراتے ہوئے ڈرامہ پر پابندی عائد کر دی۔ ضلعی حکومت کے ترجمان نے کہا کہ ڈرامہ میں مرد اور عورتوں نے فحش زبان استعمال کی اور منظور شدہ کہانی سے ہٹ کر مجروں کی صورت میں خواتین اداکاراؤں نے رقص کیے۔ تقریباً دو ہفتہ پہلے محکمہ داخلہ نے ڈراموں میں رقص دکھانے پر پابندی اس شرط پر ختم کردی تھی کہ بے ہودہ رقص نہیں دکھائے جائیں گے۔ لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد تھیٹر ڈراموں کے بڑے مرکزہیں جہاں کچھ عرصہ سے ڈراموں میں خواتین کے مجرے پیش کیے جاتے ہیں جو خاصے متنازعہ بن گۓ ہیں اور حکومت بار بار تھیٹروں پر پابندی عائد کرتی رہتی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||