ڈاکٹروں کی گرفتاری کی مذمت | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن سمیت ڈاکٹروں کی کئی تنظیموں پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ایک ہنگامی اجلاس میں ڈاکٹر اکمل وحید اور ڈاکٹر ارشد وحید کی گرفتاری اور ان پر لگائے گئے الزامات کی پر زور مذمت کی ہے۔ کراچی پولیس کے سربراہ طارق جمیل کی جانب سے آج دونوں ڈاکٹر بھائیوں کی گرفتاری کی تصدیق کیے جانے اور کور کمانڈر کراچی پر دس جون کو ہونے والے حملے میں ملوث کیے جانے کے حوالے سے ایکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں دونوں ڈاکٹر بھائیوں کی گرفتاری اور جھوٹے مقدمے میں ملوث کیے جانے کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کا پرانا طریقۂ کار قرار دیا گیا۔ اجلاس کے بعد پی آئی ایم اے کے رہنما ڈاکٹر مصباح العزیز نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈاکٹر اس بات پر متفق ہیں کہ ڈاکٹر اکمل اور ان کے بھائی بالکل بے قصور ہیں اور تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔ ڈاکٹر مصباح نے کہا کہ ڈاکٹر برادری اس حوالے سے پرامن تحریک چلارہی ہے جو دونوں ڈاکٹروں کی رہائی تک جاری رہے گی اور مختلف ہسپتالوں میں علامتی ہڑتالیں بھی ہوتی رہیں گی۔ اجلاس میں شریک ایک اور ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا کے دونوں ڈاکٹر بھائی قانون پسند شہری ہیں اور طب جیسے مقدس پیشے سے منسلک ہیں اور ان کا ماضی اس بات کی گوائی دیتا ہے کہ انہوں نے انسانوں کی مسیحائی کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔ آج ہونے والے اجلاس میں کراچی کے مختلف ہسپتالوں کے ڈاکٹروں نے شرکت کی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||