ارباب رحیم آج حلف اٹھائیں گے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ کی طرف سے نامزد کئے جانے کے بعد امید ہے کہ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم بدھ کو وزیر اعلیٰ سندھ کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔ صوبائی اسمبلی میں حزب اختلاف کی طرف سے کوئی امیدوار نامزد نہیں کیا گیا۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن گیارہ بجے شروع ہو رہا ہے۔ ارکان اسمبلی ہاتھ اٹھا کر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ سندھ کے گورنر ڈاکٹر عشرت العباد نے منگل کو کراچی میں ارباب غلام رحیم کی نامزدگی کے بعد انہیں حکومت سازی کی دعوت دی تھی۔ منگل کے روز ایک اخباری کانفرنس میں چوہدری شجاعت حسین نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار اور اعلیٰ سندھی سیاستدان پیر پگاڑہ کے نمائندے کے موجودگی میں ارباب غلام رحیم کی نامزدگی کا اعلان کیا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے نئے دھڑے کے سربراہ راؤ سکندر اقبال نے بھی ارباب رحیم کی نامزدگی کی حمایت کی تھی۔ اس سے قبل سندھ کے وزیراعلیٰ علی محمد مہر نے پیر کے روز ’ذاتی وجوہات‘ کی بنا پر استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد سندھ کی صوبائی کابینہ بھی تحلیل کردی گئی تھی۔
انہوں نے سندھ میڈیکل کالج کراچی سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی تھی لیکن وہ انہیں ہمیشہ سے سیاست میں دلچسپی تھی۔ ان کا تعلق نوہڑی قبیلے سے ہے اور ارباب ان کا لقب ہے۔ سندھ اسمبلی کے فی الوقت 167 اراکین ہیں جن میں سے 99 حکومتی بینچوں پر جبکہ 68 حزب اختلاف کی نشستوں پر بیٹھتے ہیں۔ سندھ کی صوبائی اسمبلی میں کل اراکین کی تعداد 168 ہے مگر ایک نشست پر بارہ مئی کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج الیکشن کمیشن نے روک رکھے ہیں۔ حکومتی بینچوں پر بیٹھنے والے اراکین میں متحدہ مسلم لیگ کے 54، متحدہ قومی موومنٹ کے 42 اور راؤ سکندر کی پیپلز پارٹی کے 4 ارکان شامل ہیں۔ سندھ اسمبلی میں حزب اختلاف کے 68 اراکین میں سے 59 کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے، آٹھ کا تعلق متحدہ مجلس عمل اور ایک رکن کا تعلق مہاجر قومی موومنٹ سے ہے۔ واضع رہے کہ سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے آٹھ اراکین اور متحدہ مجلس عمل کے دو اراکین اپنی وفاداری تبدیل کرکے حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||