ریلوے لائن پر دھماکہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی سے لاہور جانے والی سپر ایکسپریس کو گزرے دس منٹ ہی ہوۓ تھے کہ رات آٹھ بج کر دس منٹ پر ریلوے لائن پر ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ دھماکہ خیرپور میرس (جو خیر پور کے نام سے جانا جاتا ہے) کے ریلوے اسٹیشن کی حدود میں ہوا تھا۔ اسٹیشن پر موجود ریلوے حکام اور ضلع پولیس افسران اس جگہ کا جس وقت معائنہ کر رہے تھے تو کچھ فاصلے پر ایک اور دھماکہ ہوا، اس وقت رات کے دس بجکر دس منٹ ہوۓ تھے۔ یہ دونوں دھماکے ایک ہی پٹری پر ہوۓ جس کے نتیجے میں کراچی سے لاہور اور لاہور سے کراچی آنے جانے والی گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہو گی۔ خیرپور کے ڈسٹرکٹ پولیس آفسر فتح شیر جویا نے بی بی سی کو فون پر بتایا کہ دونوں دھماکوں کے نتیجے میں ریل کی پٹری کو بھی نقصان پہنچا۔ ڈی پی او نے اسے تخریب کاری کی کاروائی قرار دیا ہے۔ خیرپور کی ریلوے لائن پر دھماکہ سے کچھ وقت قبل دادو کے علاقے میں سیتا روڈ اور بھان سعید آباد کے مقامات پر گیس کی پائپ لائن میں بھی دھماکے ہوۓ۔ دادو کے ایک اخبار نویس کا کہنا ہے کہ انہیں ڈسٹرکٹ پولیس آفسر علی اکبر بھنگوار نے بتایا کہ یہ تخریب کاری کی کاروائی نہیں ہے۔ بی بی سی نے ڈی پی او سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی جو کامیاب نہ ہو سکی۔ یاد رہے کہ تیرہ مارچ کو جۓ سندھ قومی محاذ کے سربراہ نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا تھاکہ ان کی جماعت تیس مارچ سے پنجاب جانے والے راستے بند کر دے گی۔ وہ محاذ کے کارکنوں کی جانب سے اٹھائیس روز کی بھوک ہڑتال ختم کرنے کے موقع پر پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ محاذ نے گیارہ فروری سے کالا باغ ڈیم اور گریٹر تھل کینال کی تعمیر کے خلاف کراچی میں بھوک ہڑتال کی ہوئی تھی اور چھ مارچ کو سندھ بھر میں ہڑتال بھی کروائی تھی۔ بھوک ہڑتال کرنے والوں کو سندھی ادیبوں، دانشوروں اور سیاسی کارکنوں نے قرآن شریف اور حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی کے رسالہ کا واسطہ دے کر بھوک ہڑتال تیرہ مارچ کو ختم کرائی تھی۔ اس سے قبل جیکب آباد ریلوے لائن پر تیئس فروری کو اسطرح کے دھماکے ہو چکے ہیں۔ جبکہ گزشتہ سال سولہ اگست کو نواب شاہ اور کوٹری میں بھی ریلوے لائن کو دھماکوں سے اڑا دیا گیا تھا۔ یہاں چودہ مارچ کو ایک اخبار میں یہ خبر بھی شائع ہو چکی ہے کہ ریلوے لائنوں پر ٹرینوں کی آمد سے قبل دہشت گردی کے واقعات کی اطلاع پر پائلٹ انجن چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||