ویزہ کیمپ امرتسر میں بھی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی حکومت نے پاکستان جانے والے بھارتی کرکٹ شائقین کی دیوانگی کو دیکھتے ہوۓ پاکستانی سفارت خانے کو امرتسر میں ویزہ کیمپ لگانے کی اجازت دے دی ہے۔ اس بات کا اعلان بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نوجیت سرنا نے جمعہ کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوۓ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستانی حکومت کو اس اضافی ویزہ کیمپ کے قیام کے لئے قائل کر لیا ہے۔ یہ ویزہ کیمپ سترہ سے بیس مارچ تک امرتسر میں لوگوں کو ویزے دینے کے لئے کام کرے گا۔ ہزاروں کی تعداد میں بھارتی کرکٹ شائقین آئندہ ہفتے سے چودہ برس بعد ہونے والی پاک بھارت کرکٹ سیریز دیکھنے کے لئے پاکستان جانے کو بے چین ہیں۔ اس ویزہ کیمپ کے اعلان سے قبل کئی سو بھارتی اسی ویزے کے حصول کے لئے دہلی میں پاکستانی سفارت خانے کے سامنے قطاروں میں لگے ہوۓ ہیں۔ ان میں سے بعض کو ویزے جاری بھی کر دئیے گئے ہیں تو کچھ میچ کے ٹکٹ ہونے کے باوجود ناکام بھی لوٹے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||