| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
لشکر جھنگوی کے کارکن گرفتار
سندھ پولیس سے فرقہ وارانہ تشدد میں ملوث گروہ کی گرفتاری کا دعویٰ کیا ہے۔ سندھ پولیس کے سربراہ آئی جی سید کمال شاہ نے بدھ کو اخباری کانفرنس میں بتایا ہے کہ پولیس نے چار ملزمان گرفتار کئے ہیں جو (بقول ان کے) کراچی میں ہونے والی فرقہ وارانہ تشدد کی کئی حالیہ وارداتوں میں ملّوث ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے ان وارداتوں میں فروری میں ایک امام بارگاہ پر ہونے والا وہ حملہ بھی شامل ہے جس میں نو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ آئی جی سندھ کمال شاہ کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزموں میں شاہنواز عرف شان، مسرورالحق، محمّد جاوید اور محمّد شمیم شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق چاروں ملزموں کا تعلق کالعدم لشکرِ جھنگوی سے ہے۔ آئی جی سندھ کے مطابق ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ گزشتہ دنوں انہوں نے سپارکو کی بس پر فائرنگ کر کے چھ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ علاوہ ازیں یہ لوگ پولیس پر متعدد حملوں اور موٹر سائیکل میں بم نصب کرنے کی ایک واردات میں بھی ملوث بتائے جاتے ہیں۔ آئی جی پولیس کا کہنا ہے کہ ان لوگوں سے کچھ اسلحہ بارود بھی برامد ہوا ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||