’فیصلوں کی توثیق لندن سے الطاف حسین ہی کریں گے‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کی سیاسی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کے لندن میں موجود رہنما واسع جلیل نے کہا ہے کہ جماعت کے فیصلوں کی توثیق پہلے بھی قائد الطاف حسین کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی وہ ہی کریں گے۔
ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر فاروق ستار نے کراچی میں میڈیا کو بتایا تھا کہ جب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جماعت ہے تو اس کا انتظام بھی پاکستان سے چلنا چاہیے۔
٭
اس پر واسع جلیل نے جیوٹی وی کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزداہ کے ساتھ‘ میں بات کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار کے پریس کانفرنس کرنے کے فیصلے کے بارے میں لندن میں موجود قیادت کو پہلے سے علم تھا۔
’رابط کمیٹی پاکستان اور رابط کمیٹی لندن ہے اور کسی پر مسئلے پر ان کمیٹیوں کے ارکان تبادلہ خیال کرتے ہیں اور جب بھی کوئی فیصلہ لینا ہوتا ہے تو یقیناً اس پر الطاف بھائی کی توثیق لی جاتی ہے اور یہ توثیق پہلے بھی لی جاتی تھی اور لی جاتی رہے گی اور اس میں کوئی ابہام نہیں ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فاروق ستار کے فیصلے کراچی میں کرنے کے بیان پر واسع جلیل نے کہا کہ وہ گذشتہ رات حراست میں تھے اور ہو سکتا ہے کہ ان کو بہت ساری باتوں کا علم نہ ہو۔

،تصویر کا ذریعہepa
انھوں نے کہا کہ جماعت کے معاملات جیسے پہلے چلتے تھے ویسے ہو چلتے رہیں گے اور کل اگر دوبارہ اپنے کارکنوں سے خطاب کرنا چاہیں تو کر سکتے ہیں۔
’اس میں کوئی ابہام نہیں ہے اور ایم کیو ایم کا پورا ڈھانچہ موجود ہے، کنوینر یہاں موجود ہیں، الطاف بھائی یہاں موجود ہیں اور جہاں الطاف بھائی ہوں گے وہ سیکریٹریٹ کہلائے گا اور جب جب ہمیں ان سے رہنمائی اور توثیق لینی ہو گی ہم لیتے رہیں گے۔‘
اسی پروگرام میں موجودہ ایم کیو ایم سے علیحدگی کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے عامر لیاقت نے کہا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ’توثیق بھی الطاف حسین کریں گے، فیصلے بھی الطاف حسین کریں گے اور توثیق بھی وہ کریں گے اور فاروق ستار کچھ بھی نہیں ہیں۔‘
عامر لیاقت نے مزید کہا ہے کہ’واسع جیل جو کہہ رہے ہیں وہ ہی حقیقت ہے، شام میں ایک حقیقت یہ بنتی ہے کہ کمان فاروق ستار نے سنبھال لی ہے اور اس کے بعد چیزیں بدل جاتی ہیں کہ یہ بھی رابطہ کمیٹی اور وہ بھی رابطہ کمیٹی ہے اور میں اس کو سمجھ نہیں پا رہا ہوں۔‘







