’پاکستان شدت پسندی کے خلاف دنیا کی مدد کر رہا ہے‘

،تصویر کا ذریعہbbc
پاکستان نے کہا ہے کہ وہ اپنی سر زمین پر دہشت گردوں کے خلاف نہ صرف کارروائیاں کر رہا ہے بلکہ وہ شدت پسندی کے خلاف لڑائی میں دنیا کی ہر ممکن مدد بھی کر رہا ہے۔
اسلام آباد میں ہمارے نامہ نگار خدائے نور ناصر نے بتایا کہ دفترِ خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان شدت پسندوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھے گا اور اپنی سر زمین کو دہشت گروں کی پناہ گاہیں بننے نہیں دے گا۔
پاکستان کے دفترِ خارجہ کا بیان یہ بیان امریکہ کی جانب سے پاکستان کی 30 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد روک دینے کے بعد سامنے آیا ہے۔
نفیس ذکریا کا مزید کہنا تھا کہ امریکی کانگریس کے سینیئر ارکان اور میڈیا کے نمائندے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ان مقامات کا دورہ کر چکے ہیں جنھیں شدت پسندوں سے پاک کر لیا گیا ہے اور وہاں ترقیاتی کام جاری ہیں۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکی اہلکاروں نے پاکستان کے قبائلی علاقوں کے دورے کے دوران آپریشن ضربِ عضب میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہا تھا اور ان پر اطمینان کا اظہار بھی کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ امریکی محکمۂ دفاع نے حقانی نیٹ ورک کے خلاف ٹھوس کارروائی نہ کرنے کے الزام میں پاکستان کو دی جانے والی فوجی امداد کے 30 کروڑ ڈالر روک دیے ہیں۔
پینٹاگون کے ترجمان کے مطابق سیکریٹری دفاع ایش کارٹر نے وہ سرٹیفیکیٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے جس سے یہ رقم پاکستان کو مل سکتی تھی۔
كولیشن سپورٹ فنڈ کے تحت سنہ 2002 سے ہی امریکہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں پاکستان فوجی مدد کرتا رہا ہے۔
یہ ایک طرح سے وہ رقم ہوتی ہے جو پاکستان کہتا ہے کہ اس نے دہشت گردی کے خلاف كارروائی میں خرچ کی ہے۔
کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع کا یہ فیصلہ پاکستانی فوج کے لیے بڑا دھچکا ہے کیونکہ وہ برسوں سے اس رقم کو اپنے بجٹ کا حصہ سمجھتے آئے ہیں۔
محکمۂ دفاع کے مطابق كولیشن سپورٹ فنڈ کے تحت سب سے زیادہ امداد اب تک پاکستان کو دی گئی ہے اور سنہ 2002 سے اب تک اسے 14 ارب ڈالر دیے جا چکے ہیں۔







