مزید ایف 16 طیارے پاک فضائیہ میں شامل

پاکستان کی فضائیہ نے اردن سے خریدے گئے پانچ ایف 16 جنگی طیارے اپنے فضائی دستے میں شامل کیے ہیں۔
پاکستان کے خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق پاک فضائیہ نے اْردن کی شاہی فضائیہ سے خریدے گئے ایف 16 جنگی طیاروں کی پہلی کھیپ اتوار کو مصحف علی میر ایئر پیس پر اپنے دستے میں شامل کی۔
اس موقعے پر ملک کے ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ مہمانِ خصوصی تھے، جنھوں نے کہا کہ پاک فضائیہ اندرونی یا بیرونی چیلنجوں سے نمٹنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اردن کے ساتھ 13 ایف 16 جنگی طیاروں کی خریداری کا سمجھوتہ فروری سنہ 2013 میں ہوا تھا اور اردن سے ان طیاروں کی دوسری کھیپ جلد ہی پہنچ جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ حکومت اور مسلح افواج اس جدید دور کے جنگی تقاضوں میں فضائیہ کی اہمیت سے بخوبی واقف ہے۔
ایئر چیف مارشل نے کہا کہ اردن دوست ملک ہے جس نے انتہائی کم قیمت میں یہ جنگی طیارے فراہم کیے۔
پاکستانی پائلٹوں نے ان جنگی طیاروں کو اردن سے براہ راست پاکستان تک اڑایا۔ پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد پاک فضائیہ کے میراج اور ایف 16 طیاروں نے ان طیاروں کی رہنمائی کی۔
ان ایف 16 جنگی طیاروں کو 19 نمبر سکواڈرن میں شامل کیا جائے گا جو جولائی سنہ 1991 سے سنہ 1993 تک ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کے زیرِ کمان رہا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان جنگی طیاروں کو پاک فضائیہ کے دستے میں شامل کرنے کی تقریب میں پاکستان میں اردن کے سفیر اور پاکستان کے فضائیہ اور فوج کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔







