’احتساب سے جمہوریت کو نہیں تخت رائیونڈ کو خطرہ‘

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم نواز شریف کے احتساب کے مطالبے دہراتے ہوئے کہا ہے کہ شفاف احتساب سے جمہورت کو خطرہ نہیں بلکہ تخت رائیونڈ کو ہے۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے علاقے میرپور میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے پاناما لیکس کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ کے احتساب کی باتیں ہوتی ہیں تو آپ کی جماعت شور مچانا شروع کر دیتی ہے۔
’اگر آپ کا دامن صاف ہے تو عدالتوں سے کیوں بھاگتے ہیں، شفاف احتساب سے جمہوریت کمزور نہیں بلکہ مضبوط ہوتی ہے اور احتساب سے اگر کسی کو خطرہ ہے تو وہ تخت رائیونڈ ہے۔‘
خیال رہے کہ لاہور کے مضافاتی علاقے رائیونڈ میں شریف خاندان کی رہائش گاہیں ہیں۔
بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں پیپلز پارٹی کے خلاف’احتساب کے نام پر ہونے والی کارروائیوں‘ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی وزیراعظم کی حکومت میں احتساب کے نام پر ہمارے ساتھ انتقامی کارروائیاں جاری ہیں مگر جب پنجاب میں احتساب کی بات ہوتی ہے تو آپ کے وزراء شور مچاتے ہیں اور’ پر اور ناخن‘ کاٹنے کی باتیں کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے وزیراعظم نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے تین برس کے دورِ اقتدار کے دوران میثاق جمہوریت کو بالکل بھلا دیا ہے لیکن وہ اس کو نہیں بھولیں گے کیونکہ اس پر ان کی والدہ بینظیر بھٹو کے دستخط ہیں۔
’اب جب آپ کو میثاق جمہوریت یاد آیا ہے تو آپ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس پر سو فیصد عمل کریں اور ہم ہر شق پر عمل چاہتے ہیں لیکن کیا آپ تیار ہیں کیونکہ آپ جمہوریت نہیں بلکہ تخت رائیونڈ کا راج چاہتے ہو۔‘
بلاول بھٹو زرادری نے موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک عالمی تنہائی کا شکار ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ آج وہ وزیراعظم کی بجائے ملک کے وزیر خارجہ کا استعفیٰ مانگتے ہیں۔
خیال رہے کہ موجودہ حکومت کے 2013 کے برسراقتدر آنے کے بعد سے وزیراعظم نواز شریف کے پاس وزارتِ خارجہ کا اضافی قلمدان ہے۔







