کراچی: مسلح افراد کی فائرنگ، سماجی کارکن خرم ذکی ہلاک

،تصویر کا ذریعہFacebook
پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سماجی کارکن اور سابق صحافی خرم ذکی ہلاک ہوگئے ہیں۔
بی بی سی کی نامہ نگار سارہ حسن کے مطابق سماجی کارکن خرم ذکی اور راؤ خالد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے جبکہ راؤ خالد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کا یہ واقعہ نارتھ کراچی سیکٹر 11 بی میں ایک ہوٹل کے باہر پیش آیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی کارکنوں نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں خرم ذکی اور راؤ خالد شامل ہیں۔
خرم ذکی کو شدید زخمی حالت میں آغا خان ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس واقعے اور خرم ذکی کی ہلاکت کی مذمت کی جا رہی ہے۔
خیال رہے کہ خرم ذکی کا شمار سول سوسائٹی کے سرگرم رہنماؤں میں ہوتا تھا اور وہ ماضی میں صحافت کے پیشے سے بھی منسلک رہ چکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خرم ذکی لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالعزیز کے خلاف مظاہروں میں بھی شریک رہے تھے۔
رواں سال کے آغاز میں اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت میں خرم ذکی کی جانب سے لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالعزیز کے خلاف سوشل میڈیا پر پاکستان کے خفیہ ادارے (آئی ایس آئی) کے خلاف ویڈیو شیئر کرنے پر مقدمہ درج نہ کرنے کی درخواست پر مقامی پولیس کو نوٹس بھی جاری کیا تھا۔







