پشاور میں فائرنگ سے پولیس کا اہلکار ہلاک

- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ایک اور پولیس اہلکار فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہو گیا ہے۔
یہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی شب پشاور کے مضافات میں پھندو کے علاقے میں پیش آیا۔
پولیس اہلکاروں کے مطابق سپاہی اعجاز پشتخرہ تھانے میں تفتیش کے شعبے میں تعینات تھے اور رات سادہ کپڑوں میں گھر سے باہر نکلے تو نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔
پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ حملہ آور موٹر سائکل پر سوار تھے اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔
اعجاز ضلع صوابی کے رہائشی تھے جہاں آج جمعرات کی دوپہر ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی ۔
درین اثنا کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان نے ایک ای میل میں پولیس اہلکار کو ہلاک کرنے کی ذمہ داری اپنی تنظیم کی جانب سے قبول کی ہے ۔
خیبر پختونخوا کے دادالحکومت پشاور سمیت دیگر چند علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ان واقعات میں زیادہ تر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔
چند روز پہلے پشاور کے تہکال کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ایک مدرسے پر دستی بم پھینکا تھا جس میں 18 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اسی طرح 27 اپریل کو پھندو کے ہی علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے پولیس کے اے ایس آئی قیصر علی شاہ کو ہلاک کر دیا تھا جبکہ اس سے چند روز پہلے گلبہار کے علاقے نا معلوم افراد نے لیڈی ڈاکٹر اور ان کے سسر کو اس وقت فائرنگ کر کے ہلاک کردیا تھا جب وہ ڈیوٹی پر جا رہی تھیں۔
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سٹرائیک اینڈ سرچ آپریشن تو جاری ہیں جس میں روزانہ کی بنیاد پر درجنوں افراد کو حراست میں لیا جاتا ہے لیکن تشدد کے واقعات معمول سے پیش آ رہے ہیں۔







