خضدار میں دھماکہ، تین افراد ہلاک

- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے وڈھ میں بم کے ایک دھماکے میں تین افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔
خضدار میں پولیس کے ایک اہلکار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ وڈھ میں پولیس کی حدود میں پیش آیا۔
اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے وڈھ میں سڑک کنارے بارودی سرنگ نصب کی تھی۔ بارودی سرنگ اس وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گئی جب ایک موٹر سائیکل اس سے ٹکرائی۔
دھماکے سے موٹر سائیکل تباہ ہوگئی جبکہ اس پر سوار تین افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔
ہلاک اور زخمی افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں میاں بیوی اور ان کا چار سالہ بیٹا شامل ہیں۔
اس واقعے کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے اور نہ ہی کسی نے تاحال اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
وڈھ ضلع خضدار کا ایک اہم علاقہ ہے جو کوئٹہ سے جنوب مغرب میں اندازاً 380 کلومیٹر کے فاصلے پر کوئٹہ کراچی شاہراہ پر واقع ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وڈھ اور خضدار کی آبادی مختلف بلوچ قبائل پر مشتمل ہے۔ وڈھ میں پہلے بھی تشدد کے واقعات پیش آتے رہے ہیں لیکن گذشتہ ایک ڈیڑھ سال سے وہاں بدامنی کا کوئی بہت بڑا واقعہ پیش نہیں آیا۔







