لاہور پر شرمین کی ویڈیو فیس بک پر مقبول

،تصویر کا ذریعہReuters
- مصنف, ہارون رشید
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے نے فیس بک پر لاہور کی خصوصیات پر مبنی ایک مختصر ویڈیو جاری کی ہے جسے اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔
ڈیڑھ منٹ دورانیے کی اس ویڈیو میں جسے انھوں نے ’این اوڈ ٹو لاہور‘ یعنی لاہور کے بارے میں تعریفی نظم میں شہر کی زندگی دکھانے کی کوشش کی ہے۔ فلم میں لاہور کی پہچان مانی جانے والی بادشاہی مسجد سے آغاز ہوتا ہے اور بعد میں گلشن پارک لاہور میں شدت پسندوں کے حملے کے بعد کی تباہی اور شہریوں کی جانب سے شمع بردار اجتماع کے عکس بھی شامل کیےگئے ہیں۔
شرمین نے گذشتہ دنوں ’اے گرل ان دا ریور‘ نامی ڈاکومنٹری پر اپنا دوسرا آسکر ایوارڈ حاصل کیا تھا۔
ویڈیو میں ایک خاتون کہتی ہیں کہ ’لاہور تو ایک دوسرے تک پہنچنے کے لیے پل بنانا سیکھاتا تھا۔ہم آزاد خیال لوگ تھے۔ ہم میں برادشت کا مادہ تھا۔ ہم ایک دوسرے کے ساتھ رہنا چاہتے تھے اور ہم جو چاہتے بولنے کی آزادی تھی۔ ہم نے اس شہر کی اس کی خصوصیات سے محروم کر دیا ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہAP
فلم میں پھر لاہور میں اتوار کے حملے کی تازہ ترین تصاویر دکھائی جاتی ہیں۔ پھر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے الفاظ بھی دکھائے جاتے ہیں جن کا قول تھا کہ ’دنیا میں کوئی ایسی طاقت نہیں جو پاکستان کو توڑ سکے۔‘
ویڈیو دیکھنے والوں نے اس کی فیس بک پر تعریف بھی کی ہے اور اسے دلکش قرار دیا ہے۔ بظاہر فلم کا مقصد لوگوں کو اپنی بنیادی اساس کا احساس دلانا اور ناامید نہ ہونے کی ترغیب دینا ہے۔



