’بہاولپور میں پولیس سے جھڑپ میں پانچ شدت پسند ہلاک‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولپور میں محکمۂ انسدادِ دہشت گردی کے اہلکاروں سے جھڑپ میں پانچ مبینہ شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی نے محکمۂ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب بہارلپور بائی پاس کے قریب ذخیرہ کے مقام پر کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے میں پانچ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے تھا اور ان سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل بھی صوبہ پنجاب کے ضلع ننکانہ صاحب کے شاہ کوٹ میں محکمہ انسداد دہشت گردی کی ایک کارروائی میں پانچ شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
جبکہ گذشتہ ماہ شیخوپورہ کے نواح میں پولیس اور محکمۂ انسدادِ دہشت گردی کے اہلکاروں سے فائرنگ کے تبادلے میں سات شدت پسندوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ اس مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور لشکر جھنگوی سے بتایاگیا تھا۔



