پاکستانی خاتون کا اعزاز، اقوام متحدہ کے اعلٰی ترین پینل میں شامل

حال ہی میں فوربز میگرین نے فضا فرحان کو سنہ 2015 کی ’30 انڈر 30‘ کی فہرست میں شامل کیا تھا

،تصویر کا ذریعہUN Women

،تصویر کا کیپشنحال ہی میں فوربز میگرین نے فضا فرحان کو سنہ 2015 کی ’30 انڈر 30‘ کی فہرست میں شامل کیا تھا

خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے اقوم متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے اعلیٰ سطح کے پینل میں پاکستان کی فضا فرحان کو شامل کیا گیا ہے۔

اس پینل کے قیام کا اعلان جنوری میں ڈیوس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک فورم کے موقعے پر کیا گیا تھا۔

یہ پینل اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے ایجنڈا برائے 2030 کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تجاویز فراہم کرے گا۔

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ حکومت، نجی شعبوں، اقوام متحدہ اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ساتھ پالیسی سازوں کو تجاویز فراہم کرے گا جس پرعمل درآمد کرتے ہوئے خواتین کو بااختیار بنانے والے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں گے۔

اس پینل کو برطانیہ، عالمی بینک اور اقوام متحدہ کے شعبہ خواتین کی حمایت حاصل ہو گی۔

بیان کے مطابق ویمن اکنامک امپاورمنٹ کے اولین اعلیٰ سطح کے پینل کی رکن کے طور پر فضا فرحان آئی ایم ایف، عالمی بینک گروپ، اقوام متحدہ کی خواتین اور دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے مختلف نوعیت کے معاشی، صنفی، کاروباری ماہرین اور حکومتی نمائندگان سے ملاقات کریں گی۔

فضا فرحان بخش فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر اور بخش انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ کی ڈائریکٹر ہیں۔ حال ہی میں فوربز میگزین نے انھیں سنہ 2015 کی ’30 انڈر 30‘ کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

اپنی تعیناتی کے بارے میں ان کا کہنا تھا: ’پاکستان اور پاکستان کی خواتین کی اس اعلیٰ سطح کے پینل میں نمائندگی میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ صنفی مساوات، معاشی انصاف اور خواتین کا معاشرتی و معاشی طور پر بااختیار ہونا ہمارے لیے 2030 کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہیں اور اب وقت ہے کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے عالمی رہنماؤں کے ساتھ رابطے اور سیاسی عزم کا اظہار کیا جائے۔ ‘