پشاور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار زخمی

- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی صبح پھندو کے علاقے میں پیش آیا۔
مقامی پولیس نے بی بی سی کو بتایا کہ مذکورہ اہلکار کا تعلق محکمۂ انسدادِ دہشت گردی سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکار اپنی رہائش گاہ سے نکل کر کابلی گیٹ کے علاقے میں اپنی ڈیوٹی پر جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے اس پر فائرنگ کی۔
اس حملے میں اہلکار شدید زخمی ہوا ہے اور اسے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ کی جانب سے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ پھندو وہی علاقہ ہے جہاں پولیس نے جمعرات کو سرچ آپریشن کے دوران 35 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا تھا۔
پشاور میں ماضی میں پولیس اہلکاروں اور افسران پر حملوں کے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں جن میں انھیں ہدف بنا کر قتل کیا گیا ہے اور ان حملوں میں ایک بار پھر تیزی دیکھی جا رہی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ ماہ کی 22 تاریخ کو بھی پشاور کے علاقے رشید گڑھی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔







