بلدیاتی انتخابات: ’پنجاب میں ن لیگ، کراچی میں ایم کیو ایم آگے‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے 12 اضلاع اور سندھ کے دارالحکومت کراچی کے چھ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پنجاب میں مسلم لیگ ن اور کراچی میں متحدہ قومی مومنٹ کو برتری حاصل ہے۔
پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج میں کراچی میں ایم کیو ایم کو 116 نشستوں کے ساتھ برتری حاصل ہے جبکہ پنجاب میں مسلم لیگ ن 882 نشتوں کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔
کراچی میں دوسرے نمبر پر پیپلز پارٹی رہی جس نے32 نشستیں حاصل کیں۔ پی ٹی آئی 16 جبکہ جماعتِ اسلامی 11نشستیں حاصل کر پائی۔
پنجاب میں آزاد امیدوار 644 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ پی ٹی آئی نے 236 جبکہ پیپلز پارٹی نے 106نشستیں حاصل کیں۔
پنجاب کے 12 اضلاع میں راولپنڈی، سیالکوٹ، نارووال، خوشاب، جھنگ، ملتان، مظفر گڑھ، راجن پور، لیہ، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور بہاولپور شامل ہیں۔
صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ میں پہلے دو مرحلوں میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کے مطابق سندھ میں پیپلز پارٹی اور پنجاب میں مسلم لیگ ن کو برتری حاصل ہوئی تھی۔
کراچی میں 70 لاکھ سے زائد ووٹر رجسٹرڈ تھے جن کے لیے 4141 پولنگ سٹیشن قائم کیے گئے، ان پولنگ سٹیشنوں میں سے 1791 کو انتہائی حساس اور 216 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ضلع راولپنڈی میں مسلم لیگ ن نے 111 نشتوں کے ساتھ سرِفہرست ہے۔ یہاں پی ٹی آئی فقط 21 نشستیں حاصل کر پائی ہے جبکہ آزاد امیداروں میں سے 51 نے کامیابی حاصل کی۔







