پاکستان کو انسانی حقوق پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے: ایچ آر سی پی

،تصویر کا ذریعہHRCP
- مصنف, آصف فاروقی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے انسانی حقوق کمیشن نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی رکنیت کا انتخاب ہارنے پر حکومت پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی حکام کو ملک میں انسانی حقوق سے متعلق معاملات پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
ایچ آر سی پی کی سربراہ زہرہ یوسف نے اقوام متحد کی انسانی حقوق کونسل کی نشست سے محرومی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس انتخاب میں ناکامی ظاہر کرتی ہے کہ پاکستانی حکام دنیا کو انسانی حقوق کے ضمن میں اپنے ملک کی کارکردگی کے بارے میں قائل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
بدھ کے روز ہونے والے انتخابات میں پاکستان انسانی حقوق کونسل کی رکنیت کا امیدوار تھا لیکن مطلوبہ تعداد میں ووٹ نہ ملنے کی وجہ سے وہ اس نشست سے محروم ہو گیا۔
پاکستان اس وقت اس کونسل کا رکن ہے لیکن اس کی موجودہ مدت اس سال کے آخر میں ختم ہو جائے گی۔ اس طرح اگلے تین برس کے لیے پاکستان انسانی حقوق کے اس اہم ادارے سے باہر ہو جائے گا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انسانی حقوق کونسل کے لیے خفیہ رائے دہی کے ذریعے 18 نئے ارکان کا انتخاب کیا جن میں پاکستان بھی امیدوار تھا۔
پاکستان ایشیا پیسیفک کی نشست کے لیے امیدوار تھا جہاں اس کے مقابلے میں متحدہ عرب امارات (159 ووٹ)، جنوبی کوریا (137 ووٹ)، منگولیا (172)، کرغزستان (147) اور فلپائن (113) نے کامیابی حاصل کی، جب کہ پاکستان 105 ووٹ حاصل کر کے ہار گیا۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی سربراہ زہرہ یوسف نے پاکستان کی شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا حکومت کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ پاکستان میں نہ صرف انسانی حقوق پر عمل درآمد ہو بلکہ ایسا ہوتا ہوا دکھائی بھی دے۔
کمیشن کے مطابق انسانی حقوق کو یقینی بنانے کی ذمہ داری اب صوبوں کو منتقل ہو چکی ہے لہٰذا صوبائی حکومتوں کو انسانی حقوق کے لیے مناسب طریقہ کار کی تشکیل اور مناسب وسائل ممکن بنانے چاہییں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







