شدید برف باری کے باعث سینکڑوں سیاح کاغان اور ناران میں محصور

ہر سال ہزاروں سیاح وادی کاغان اور ناران کا رخ کرتے ہیں
،تصویر کا کیپشنہر سال ہزاروں سیاح وادی کاغان اور ناران کا رخ کرتے ہیں

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع مانسہرہ کے سیاحتی مقامات کاغان اور ناران میں شدید برفباری کے نتیجے میں وہاں سینکڑوں سیاح محصور ہوگئے ہیں جنھیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

دارالحکومت اسلام آباد اور اس سے ملحقہ شہر راولپنڈی میں بھی گذشتہ ایک روز سے وفقے وقفے سے بارش کا سلسہ جاری ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق کاغان میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران شدید برف باری ہوئی ہے جس کی وجہ سے ناران اور بالاکوٹ کے درمیان سڑک بند ہوگئی ہے جس سے علاقے میں سینکڑوں سیاح پھنس گئے ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ناران کے بھروایی روڈ پر پھنسے 50 سیاحوں کو نکال لیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وادی کاغان اور ناران میں محصور سیاحوں کو ہیلی کاپٹر سروس فراہم کی جائے گی تاہم اس کے لیے دن کی روشنی اور موسم کی بہتری کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

شمالی علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ہے
،تصویر کا کیپشنشمالی علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ہے

این ڈی ایم اے حکام نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو کاغان، ناران روڈ کو کھولنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ادارے کی جانب سے وادی ناران کی بابو سر ٹاپ سے آنے والے سیاحوں کو کہا گیا کہ وہ اپنی گاڑیوں کو چھوڑ کر قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں اور صورتحال کی بہتری کا انتظار کریں۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت بالائی علاقوں جن میں صوبہ خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ شمالی علاقوں میں مزید برفباری کا امکان ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش بالاکوٹ، کاکول اور کوہاٹ میں ہوئی جو 52 ملی میٹر تھی۔

پنجاب میں سب سے زیادہ بارش کامرہ میں 46 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ مظفر اباد میں 41 ملی میٹر بارش ہوئی۔