آئین شکنی کے مقدمہ میں شریک ملزمان کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کے مقدمے میں خصوصی عدالت کے حکم پر شریک ملزمان کو شامل تفتیش کرنے کے خلاف دائر کی گئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
یہ درخواستیں سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، پاکستان کے سابق چیف جسٹس عبدالحمید ڈوگر اور سابق وزیر قانون زاہد حامد نے دائر کی تھیں۔
ان درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ آئین شکنی کے مقدمے کی سماعت کرنے والے عدالت نے 21 نومبر سنہ 2014 کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا۔ جس میں اُنھوں نے اس مقدمے کے مرکزی ملزم پرویز مشرف کی درخواست پر وفاقی حکومت کو مذکورہ تینوں افراد کو شامل تفتیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
سابق فوجی صدر نے آئین شکنی کے مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں مطالبہ کیا تھا کہ تین نومبر سنہ 2007 میں ملک میں ایمرجنسی لگانے کے لیے کورکمانڈروں، وزیر اعظم اور کابینہ کے ارکان کے ساتھ مشاورت کی تھی۔ لہٰذا اُنھیں بھی اس مقدمے میں شریک جرم بنایا جائے۔
جسٹس نورالحق قریشی کی سربراہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے پیر کے روز ان درخواستوں کی سماعت کی۔
شوکت عزیز کی کابینہ میں سابق وزیر قانون زاہد حامد، جو اس وقت موجودہ حکمراں جماعت سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی ہیں، کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کسی دستاویز کی بنیاد پر ہی اُن کے موکل اور دیگر افراد سے تفتیش کرے گی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اُنھوں نے کہا کہ اس مقدمے میں منصفانہ تفتیش اس وقت تک ممکن نہیں ہے جب تک خصوصی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار نہیں دیا جاتا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اُنھوں نے کہا کہ ایسا نہ کرنے سے آئین کے آرٹیکل 10اے کی بھی خلاف ورزی ہوگی جو فیئر ٹرائل کے زمرے میں آتا ہے۔
خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ آئین شکنی کے مقدمے میں خصوصی عدالت نے اُن کے موکل اور دیگر افراد کے خلاف ریمارکس دیے ہیں ان کو بھی عدالتی کارروائی سے حذف کروایا جائے۔
پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے عدالت سے استدعا کی کہ اُن کے موکل کا بیان بھی دوبارہ ریکارڈ کیا جائے اور اس کے علاوہ تفتیشی افسر کو بھی ہدایت کی جائے کہ وہ تفتیش کے دوران سابق فوجی صدر کے خلاف ٹرائل کورٹ کی طرف سے دیے جانے والے ریمارکس سے مثاثر نہ ہو۔
گذشتہ سماعت کے دوران وفاقی حکومت نے عدالت عالیہ کو یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ سابق وزیر اعظم، سابق چیف جسٹس اور سابق وزیر قانون کو سنگین غداری کے مقدمے میں شامل تفتیش کرنے کو تیار ہے۔







