’کسانوں کے لیے پیکیج انتخابی ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی‘

نواز شریف نے کسانوں کے لیے 40 ارب روپے سے زیادہ کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا تھا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشننواز شریف نے کسانوں کے لیے 40 ارب روپے سے زیادہ کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا تھا
    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

پاکستان کے الیکشن کمیشن نے وزیر اعظم میاں نواز شریف کی طرف سے کسانوں کے لیے پیکیج کے اعلان کو خلافِ ضابطہ قرار دیتے ہوئے پیکیج کے تین حصوں پر عمل درآمد عارضی طور پر روک دیا ہے۔

یہ پابندی صوبہ پنجاب اور سندھ میں اس سال ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد تک ہوگی۔

آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے ان دو بڑے صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ تین دسمبر کو مکمل ہو جائے گا۔

وزیر اعظم میاں نواز شریف نے 15 ستمبر کو ملک بھر کے کسانوں کے لیے 40 ارب روپے سے زیادہ کے امدادی پیکیج کا اعلان کیا تھا۔

اس پیکیج کے جن تین حصوں پر عمل درآمد پر پابندی عائد کی گئی ہے اُن میں بارہ ایکڑ تک اراضی کے مالک کسانوں کے لیے پانچ ہزار روپے فی ایکڑ امداد، چاول اور کپاس کے کاشت کاروں کو دیے جانے والے قرضوں پر مارک اپ میں دو فیصد کمی کے علاوہ فی ایکڑ زرعی قرضے میں دو ہزار روپے کا اضافہ شامل ہے۔

کسان پیکیج کے تین حصوں پر عمل درآمد بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہونے تک روک دیا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہRAVINDER SINGH ROBIN

،تصویر کا کیپشنکسان پیکیج کے تین حصوں پر عمل درآمد بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہونے تک روک دیا گیا ہے

وزیرِاعظم کی طرف سے کسان پیکیج کے اعلان کے بعد حزب مخالف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے اس کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور الیکشن سے پہلے دھاندلی قرار دیا تھا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق کسان پیکیج کا اعلان بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد کیا گیا ہے اور اس پیکیج کی ضرورت سے زیادہ تشہیر بھی کی گئی۔

اُنھوں نے کہا کہ کسان پیکیج کے جن حصوں پر عمل درآمد بلدیاتی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہونے تک روک دیا گیا ہے وہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی بجٹ تقریر کا حصہ نہیں تھے اس لیے یہ کہنا درست نہیں ہے کہ یہ فائنانس بل کا حصہ ہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان نے سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی اور سیکرٹری اطلاعات کو بھی طلب کیا تھا جنھوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ کسان پیکیج صرف دو صوبوں کے لیے نہیں بلکہ پورے ملک کے کسانوں کے لیے تھا۔