’سول اداروں کے اختیارات فوج کے حوالے کرنا بدقسمتی ہو گی‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے ایوان بالا میں حزب مخالف کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ سویلین اداروں کا کردار تشویشناک حد تک کم کر دیا گیا ہے۔
فرحت اللہ بابر نے کہا کہ’یہ ہمارے لیے بدقسمتی کی بات ہوگی کہ اگر ہم سول اداروں کو تباہ ہونے سے نہ روک سکیں اور ان اداروں کے اختیارات فوجی حکام کے حوالے کرتے چلے جائیں۔‘
پیر کو دفاع سے متعلق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں راولپنڈی میں فوج کے زیر انتظام چلنے والی نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے بل کے مسودے کی منظوری کے موقع پر اپنے اختلافی نوٹ پر فرحت اللہ بابر نے لکھا کہ تمام ادارے آئین اور قانون کی پاسداری کرنے کے پابند ہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ ہمیں سویلین اداروں پر ہونے والے حملوں کے خلاف آواز اُٹھانی چاہیے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر مشاہد حسین سید کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔
سینیٹر فرحت اللہ بابر نے اس بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کی منظوری کے بعد نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کو مکمل اختیارات دے دیے جائیں گے اور میڈیکل کالجز کی نگرانی کرنے والے ادارے پی ڈی ایم سی یعنی پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کا کردار نہ ہونے کے برابر رہ جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فرحت اللہ بابر نے کہا کہ اس مجوزہ بل کی منظوری سے نیشنل یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کو ایسے تعلیمی اداروں میں ریگولیٹری باڈی کی حیثیت حاصل ہوجائے گی جو فوج کے زیر انتظام چل رہے ہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ اگر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اپنی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا ہے تو اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ اس کے اختیارات فوج کو دے دیے جائیں۔
حکمراں جماعت کے اتحاد میں شامل جمعت علمائے اسلام فضل الرحمنٰ گروپ کے مولانا عطا الرحمان نے فرحت اللہ بابر کی طرف سے اُٹھائے گئے تحفظات کی حمایت کی تاہم اُن کا کہنا تھا کہ ان تحفظات کے باوجود وہ بھی بل منظور ہونے سے نہیں روک سکتے۔







