’حملے کا منصوبہ افغانستان میں بنا اور وہیں سے کنٹرول ہوا‘

،تصویر کا ذریعہEPA
پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ پشاور کے قریب بڈھ بیر میں قائم فضائیہ کے کیمپ پر ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی تھی اور دہشت گرد بھی وہیں سے آئے تھے۔
جمعے کی صبح پیش آنے والے اس واقعے میں 13 حملہ آوروں سمیت کل 43 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
کارروائی کے خاتمے کے چند گھنٹے بعد جمعے کی شام ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی اس کارروائی کو بھی افغانستان سے ہی کنٹرول کیا جا رہا تھا۔
انھوں نے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ حملے کے دوران پاکستانی فضائیہ کے 23 اور برّی فوج کے تین اہلکاروں کے علاوہ فضائیہ کے چار شہری ملازمین بھی ہلاک ہوئے۔
میجر جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران خفیہ اداروں نے حملہ آوروں کی جو گفتگو سنی اُس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ان کا تعلق تحریک طالبان پاکستان کے ایک گروہ سے تھا اور یہ تمام افغانستان سے آئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حملہ آوروں کی تعداد کے حوالے سے ٹی ٹی پی کی طرف سے کیے گئے دعویٰ کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا کہ جتنے بھی دہشت گرد کیمپ میں داخل ہوئے انھیں ہلاک کر دیا گیا اور ان کی لاشیں وہاں موجود ہیں۔
انھوں نے کہا کہ یہ حملہ آور ملیشیا وردیوں میں ملبوس تھے اور ان کے پاس راکٹ لانچر بھی تھے۔
دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں عاصم باجوہ کے مطابق سریع الحرکت فورس کے علاوہ لائٹ کمانڈوز اور سپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز نے بھی حصہ لیا اور بہت جلد دہشت گرد کا محاصرہ کر کے ان کے نہ صرف فرار کے راستے مسدود کر دیے بلکہ انھیں ہلاک کر دیا۔

،تصویر کا ذریعہAP
افغانستان کے بارے میں ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ’افغانستان میں اگر پٹاخہ بھی چلتا ہے تو وہ اس کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کر دی جاتی ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ وہ یہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ افغانستان کی ریاست اس واقعے میں ملوث ہو سکتی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ان کے پاس ٹھوس ثبوت ہیں کہ یہ حملہ آور افغانستان سے آئے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں بہت سے ایسے علاقے ہیں جہاں حکومت کی عملداری نہیں ہے۔
حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا ایک گروپ ایڈمن ایریا اور دوسرا گروپ وہیکل ایریا میں داخل ہوا تاہم گارڈ روم میں موجود ایئرفورس کے عملے نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انھیں روکا۔
ترجمان کے مطابق حملے کے دس منٹ کے اندر پاکستانی فوج کی سریع الحرکت فورس کے دستے بھی موقع پر پہنچے اور دہشت گردوں کو 50 میٹر سے زیادہ آگے جانے نہیں دیا گیا اور جو بھی لڑائی ہوئی اسی علاقے میں ہوئی۔
انھوں نے بتایا کہ مسجد اور اس کے پاس بیرک پر حملہ کرنے والے آٹھ دہشت گردوں کو گھیرے میں لینے کے بعد وہیں پر ختم کر دیا گیا جب کہ دوسرے گروپ کو بھی وہیکل ایریا سے آگے بڑھنے نہیں دیا گیا اور وہیں پر ان کا خاتمہ بھی کر دیا گیا۔
میجر جنرل عاصم باجوہ نے اس حملے کو قبائلی علاقے میں جاری آپریشن ضرب عضب کا ردعمل قرار دیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتائج سامنے آ رہے ہیں اور دہشت گردوں کے سہولت کار اور مددگار رفتہ رفتہ سامنے آرہے ہیں جن کا خاتمہ کیا جاتا رہے گا۔







