ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے دو شہری ہلاک

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوسرز کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں دو پاکستانی شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔
فوج کے محمہ شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر نے جمعرات کی شب جاری بیان میں بتایا کہ بھارت کی جانب سے نکیال سیکٹر اور کوٹلی میں فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کی زد میں آنے سے نکیال سیکٹر میں 13 سالہ بچی لائبہ اور 55 سالہ شخص منشی احمد ہلاک ہوگئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
گذشتہ ہفتے دونوں ممالک کے درمیان انتہائی کشیدہ حالات میں پاکستان میں رینجرز اور بھارت کی باڈر سکیورٹی فورس کے درمیان نئی دہلی میں ہونے والی بات چیت میں دونوں ملکوں نے لائن آف کنٹرول پر خلاف ورزیاں کم کرنے اور سرحدوں کو محفوظ بنانے پر اتفاق کیا تھا۔
اس ملاقات کے بعد بھارتی وزارتِ داخلہ نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بھارت کی جانب سے گولی چلانے میں پہل نہیں کی جائے گی۔
اس سے قبل لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے پاکستانی فوجیوں کے علاوہ پاکستانی شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں اور پاکستان کے دفترِ خارجہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی پر کئی مرتبہ بھارت سے باضابطہ احتجاج کیا ہے۔



