’بلوچستان کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت آچکا ہے‘

- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک بلوچ نے مذاکرات کے لیے آمادگی سے متعلق بلوچ ریپبلیکن پارٹی کے سربراہ نوابزدہ براہمدغ بگٹی کے موقف کا خیر مقدم کیا ہے ۔
پاکستانی میڈیا سے بات چیت کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے حکومت سے مذاکرات کے لیے آمادگی کو خوش آئند قرار دیا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بہت خون بہہ چکا اب بلوچستان کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت آچکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ روز اول سے بلوچستان کے مسئلہ کو سیاسی انداز میں حل کرنے کےلیے کوشاں ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اب ہمیں ملک کر یہاں تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت تمام ناراض بلوچ بھائیوں سے مذاکرات کے لیے تیار ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے معاملے پر سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ وہ بلوچستان کو پرامن بنانے میں کامیاب ہوں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش رہی ہے کہ بلوچستان میں لگی آگ جلد بجھ جائے۔
انھوں نے کہا کہ وہ جمہوری لوگ ہیں اور بلوچستان کے مسائل جمہوری انداز میں حل کرنا چاہتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ان کہنا تھا اب موجودہ حکومت بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کی خواہاں ہے اور اسے ایک بار پھر پرامن بنانا چاہتی ہے تاکہ لوگ یہاں آکر سرمایہ کاری کریں۔
درایں اثناء علیحدگی پسند رہنما میر جاوید مینگل نے بیک ڈور چینل کے ذریعے حکومت سے رابطوں سے متعلق پاکستانی میڈیا میں آنے والی خبروں کو سختی سے مسترد کیا ہے۔
مقامی میڈیا کو جاری ہونے والے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ایسی خبروں کے ذریعے علیحدگی پسند قیادت میں اختلافات پیدا کرنے کے علاوہ بلوچ عوام میں ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ وہ مذاکرات اور بات چیت کو پہلے ہی مسترد کرچکے ہیں۔







