کوئٹہ میں فائرنگ سے اے ایس آئی ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں پولیس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر علی نواز ہلاک گئے ہیں۔
شالکوٹ پولیس کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ پولیس اہلکار کی ہلاکت کا واقعہ منگل کو کوئٹہ شہر میں ہزار گنجی کے علاقے میں پیش آیا۔ انھوں نے بتایا کہ بتایا کہ اے ایس آئی نوشکی بس اسٹاپ پر موجود تھے کہ اس علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے انھیں گولیوں سے نشانہ بنایا۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے اے ایس آئی کو تین گولیاں ماریں جن میں سے دو گولیاں ان کی گردن اور ایک سر میں لگی جس کے نتیجے میں وہ موقعے پر ہی ہلاک ہو گئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔
دوسری جانب فرنٹیئر کور نے دو مختلف علاقوں میں تخریب کاری کے منصوبے ناکام بنائے ہیں۔
کوئٹہ میں فرنٹیئر کور کے ترجمان کے مطابق نامعلوم افراد نے آر ڈی 238 کے علاقے میں 15 کلو دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا جسے بر آمد کر کے ناکارہ بنا دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکہ خیز مواد کے ذریعے ایف سی اہلکاروں اور گیس پائپ لائنوں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔
فرنٹیئر کور کے ترجمان کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے قیدی شاخ میں بھی چھ کلو دیسی ساختہ بارودی سرنگ بھی نصب کی گئی تھی۔ قیدی شاخ میں دیسی ساختہ بم کو بر آمد کر کے ناکارہ بنا دیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ادھر بلوچستان کے ساحلی ضلع گوادر میں گذشتہ شب دستی بم کے ایک حملے دو افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔
گوادر پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ حملہ پیر کی شب ایئر پورٹ روڈ پر ملا فاضل چوک پر درزی کی ایک دکان پر کیا گیا۔







