بلوچستان کے ضلع کیچ میں پرتشدد واقعات میں نو افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے پسماندہ ضلعے کیچ میں ہونے والے دو پرتشدد واقعات میں نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ضلع کیچ کے علاقے میں تین افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ ضلع کے ہیڈ کوارٹر تربت میں انتظامیہ کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ تین افراد کی لاشیں جمعہ کے روز ضلع کے علاقے ہوشاب سے ملیں۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے تینوں افراد کو ہلاک کرنے کے بعد ان کی لاشیں ہوشاب میں پھینک دی تھیں۔
ہلاک ہونے والے افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی اور نہ ہی ان کی ہلاکت کے محرکات معلوم ہو سکے ہیں۔
ایران سے متصل بلوچستان کے ضلع کیچ کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں اس سے قبل بھی تشدد زدہ لاشیں ملتی رہی ہیں۔
تاہم بلوچستان میں حکمراں جماعت نیشنل پارٹی کے سیکریٹری جنرل یاسین بلوچ نے گذشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پہلے کے مقابلے میں موجودہ حکومت کے دور میں تشدد زدہ لاشیں ملنے کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔
تشدد کے ایک واقعے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے چھ افراد ہلاک کر دیے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ضلع کیچ کے ہیڈ کوارٹر تربت کے قریب ناصر آباد میں پیش آیا ۔
اس واقعے کے محرکات بھی تاحال معلوم نہیں ہو سکے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ناصر آباد میں مارے جانے والے افراد کی شناخت ہوگئی ہے اور وہ ضلع کیچ کے مقامی شہری ہیں۔







