’جنگ بندی کی خلاف ورزیاں دشمن کےجارحانہ ارادے ظاہر کرتا ہے‘

جنگ بندی کی خلاف ورزی، بلوچستان، فاٹا اور کراچی میں بہنے والے خون سے دشمن کے خطرناک ارداے ظاہر ہوتے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنجنگ بندی کی خلاف ورزی، بلوچستان، فاٹا اور کراچی میں بہنے والے خون سے دشمن کے خطرناک ارداے ظاہر ہوتے ہیں

پاکستان فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ تمام ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے خواہ وہ کشمیر کا معاملہ ہوکوئی بھی قیمت چکانے کے لیے تیار ہیں۔

سنیچر کو نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ملک کے مفادات کےتحفظ کے لیے خواہ یہ کشمیر کا معاملہ ہو، نئی بندرگاہوں کی تعمیر یا قدرتی وسائل سے استفادہ کرنا، ہم کوئی بھی قیمت چکانے کے لیے تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پوری دنیا پاکستان کے سیکیورٹی خدشات کو تسلیم کرتی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ’جنگ بندی کی خلاف ورزی، بلوچستان، فاٹا اور کراچی میں بہنے والے خون سے دشمن کے جارحانہ ارداے ظاہر ہوتے ہیں۔‘

جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ’پاکستان دوسرے ممالک کے ساتھ مل کر امن قائم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے، لیکن یہ کوششیں قومی مفادات، خود مختاری اور قومی وقار کی قیمت پر نہیں کی جائیں گی۔‘

آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ’پوری قوم اس وقت شدت پسندوں کو ختم کرنے کے لیے اکھٹی کھڑی ہے اور اس آپریشن کے فیصلہ کن نتائج سامنے آ رہے ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’شدت پسندوں کے خلاف جاری جنگ تنہا مسلح افواج کی مدد سے نہیں جیتی جا سکتی۔ یہ دیکھ کر اعتماد مزید بڑھ جاتا ہے کہ پوری قوم شدت پسندوں کے خلاف جنگ کی حمایت کر رہی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے خطے کے عوام کی زندگی تبدیل ہو سکتی ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے دشمن کے عزائم سے ہم آگاہ ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دی جائے گی۔‘

انھوں نے بتایا کہ’گوادر بندر گاہ کو ہر حال میں تعمیر کیا جائے گا۔ کیونکہ یہ اس خطے کی اہم سٹریجک بندر گاہ ہوگی۔‘