’ایک مستحکم پاکستان ہی خوشحال پاکستان کا ضامن ہے‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ایک محفوظ اور مستحکم پاکستان ہی ملک میں خوشحالی کا ضامن ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو کوئٹہ میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں فوجی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جنرل راحیل کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں نے ملک کے شہری کے علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف بڑی اور فیصلہ کن کارروائی کا موقع فراہم کیا ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ہمیشہ کے لیے خاتمے کی خاطر سیاسی اقدامات کو استعمال میں لانے کے لیے ایک ماحول تیار ہو رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ہماری جنگ آج کے لیے نہیں بلکہ ہماری آئندہ نسلوں کے لیے ہے۔‘
فوج کے سربراہ نے کہا کہ صرف مستحکم پاکستان ہی خوشحال پاکستان کا ضامن ہے۔
جنرل راحیل نے کہا کہ جنگیں صرف فوجیں نہیں لڑتیں بلکہ ان کے لیے پوری قوم کی کوششوں اور تعاون کی ضرورت ہوتی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو لاحق خطرات پیچیدہ اور کثیر الجہتی ہیں اور ان سے صرف روایتی طریقوں سے نمٹنا کافی نہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں نے شہری علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن اور بڑی کارروائی کرنے کا موقع دیا ہے۔
قبل ازیں کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج پہنچنے پر فوج کی جنوبی کمان کے سربراہ لیفٹینینٹ جنرل ناصر خان نے فوجی سربراہ کا استقبال کیا۔
یہ گذشتہ چند ہفتوں میں جنرل راحیل شریف کا کوئٹہ کا دوسرا دورہ ہے۔
اس سے قبل وہ بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تربت میں 20 مزدوروں کے قتل کے واقعے کے بعد کوئٹہ آئے تھے۔
اس دورے میں انھوں نے صوبے میں سکیورٹی کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے سویلین اور فوجی قیادت کی مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تھا۔







