ممنوعہ تنظیم اہلسنت والجماعت کے مرکزی رہنما گرفتار

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی پولیس نے غیر قانونی مذہبی تنظیم اہلسنت والجماعت کے مرکزی رہنما اورنگ زیب فاروقی کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مزکورہ جماعت کے سیکریٹری جنرل اورنگ زیب فاروقی پر راولپنڈی میں داخلے پر پابندی ہے اور اُنھوں نے اس کی خلاف ورزی کی ہے جس کے نتیجے میں اُنھیں حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی انتظامیہ نے اہلسنت والجماعت کے مرکزی صدر مولانا احمد لدھیانوی پر وفاقی دارالحکومت میں داخلے پر پابندی عائد کر رکھی تھی لیکن وہ اس کے باوجود اس عرصے میں متعدد بار اسلام آباد آ چکے ہیں۔
اہلسنت والجماعت کے مقامی میڈیا رابطہ کار حافظ اُنیب فاروقی کے مطابق ان کی جماعت کے مرکزی رہنما اورنگزیب فاروقی جمعے کے خطبے کے لیے راولپنڈی کے قریبی قصبے ٹیکسلا جار ہے تھے کہ وہاں پر موجود پولیس اہلکاروں نے اُن کی گاڑی کو روک لیا اور اُنھیں گاڑی سے اُتار کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر لے گئے۔
اُنھوں نے کہا کہ مولانا اورنگزیب فاروقی کے ساتھ اُن کے جماعت کے دیگر افراد کو گرفتار نہیں کیا گیا اور اُنھیں واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔
اُنیب فاروقی کا کہنا ہے کہ ابھی تک اُن کی جماعت کی قیادت کو یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ مولانا اورنگزیب فاروقی کو تفتیش کے لیے کہاں منتقل کیا گیا ہے اور اس ضمن میں راولپنڈی پولیس کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ مولانا اورنگزیب فاروقی نے چند روز قبل مری میں ایک احتجاجی جلوس سے خطاب کیا ہے جس پر اُن کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اہلسنت والجماعت کے مرکزی رہنما کی گرفتاری کے خلاف راولپنڈی اور اسلام آباد میں اس جماعت کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کیے تاہم پولیس ان مظاہرین کو منتشر کر دیا۔
تنظیم اہل سنت والجماعت
سرکاری دستاویز کے مطابق اہلسنت والجماعت کو کالعدم قرار دیا گیا ہے جبکہ یہ جماعت مظاہرے اور مذہبی اجتماعات بھی کرتی ہے لیکن اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
اہلسنت والجماعت کی قیادت کا موقف ہے کہ اُنھیں کسی بھی حکومت نے کبھی بھی کالعدم قرار نہیں دیا۔
تنظیم اہل سنت والجماعت 12 جنوری 2002 کو جنرل پرویز مشرف کی جانب سے دیگر پانچ جماعتوں کے ساتھ سپاہِ صحابہ پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد سامنے آئی تھی۔
سپاہِ صحابہ کی بنیاد 1985 میں رکھی گئی تھی اور یہ جنرل پرویز مشرف کے دورِ اقتدار سے پہلے عام انتخابات میں حصہ بھی لیتی رہی ہے۔
سپاہ صحابہ کے ہی کچھ کارکنوں نے بعد میں لشکر جھنگوی کے نام سے تنظیم تشکیل دی تھی۔







