ٹی ٹی پی کا نواز لیگ کے رکنِ صوبائی اسمبلی کو قتل کرنے کا دعویٰ

کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان نے میڈیا کو ارسال کیے گئے تحریری بیان میں گذشتہ روز صوبہ پنجاب میں ہلاک ہونے والے پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم پی اے رانا شمشاد اور ان کے بیٹے کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
خیال رہے کہ اتوار کی شام صوبہ پنجاب کے شہر گجرانوالہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی رانا شمشاد اور ان کے بیٹے کو نامعلوم مسلح افراد نے نشانہ بنایا تھا۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ گجرانوالہ کے علاقے کامونکی میں پیش آیا۔ ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں رانا شمشاد اور ان کا بیٹا ہلاک ہو گئے۔
رانا شمشاد پی پی 100 گوجرانوالہ 10 سے مسلم لیگ نواز کی ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔
اس سے قبل وہ 93-1992، 99-1997 اور 08-2002 میں بھی پنجاب اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کی ویب سائٹ کے مطابق شمشاد احمد کے والد چوہدری عبدالوکیل خان بھی رکن صوبائی اسمبلی رہ چکے ہیں۔
ٹی ٹی پی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تین طالبان کے تین بڑے گروہوں کی ٹی ٹی پی میں شمولیت صوبہ پنجاب اور سندھ میں تنظیم کی کارروائیوں میں تیزی کی وجہ ہے۔



