ضلع ٹانک سے دو افراد کی لاشیں برآمد

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عزیزاللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک کے مضافات میں دو افراد کی لاشیں ملی ہیں جن کی اب تک شناخت نہیں ہو سکی۔
پولیس اہلکاروں کے مطابق جنڈولہ روڈ کے قریب علاقہ گومل میں میزئی کے مقام پر دو افراد کی لاشیں ملی ہیں جنھیں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے ۔
یہ لاشیں سڑک کے قریب پڑی تھیں لیکن ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں افراد کی عمریں 25 اور 35 سال کے درمیان ہیں اور ان کے پاس سے کوئی شناختی کارڈ یا کوئی اور دستاویزات نہیں تھیں۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ معلوم نہیں ہے کہ یہ لاشیں کب سے یہاں پڑی ہیں لیکن پولیس کو اطلاع فراہم کرنے کے بڑی دیر بعد بھی لاشیں موقعے سے نہیں اٹھائی گئی تھیں۔
ضلع ٹانک جنوبی وزیرستان کی سرحد کے قریب واقع ہے ۔ جنڈولہ روڈ بھی جنوبی وزیرستان سے منسلک ہے اور اس علاقے میں پہلے بھی تشدد کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔
جنوبی وزیرستان میں فوجی آپریشن سے متاثرہ بیشتر افراد ضلع ٹانک میں مقیم ہیں جن میں سے کچھ کی واپسی کا عمل بھی گذشتہ ماہ شروع کیا گیا تھا۔ متاثرین کی واپسی جن علاقوں میں شروع کی گئی تھیں وہ علاقے جنوبی وزیرستان میں جنڈولہ سے کچھ فاصلے پر واقع ہیں۔
ٹانک میں امن لشکر افراد پر بھی متعدد حملے ہو چکے ہیں۔ پچھلے مہینے ٹانک میں امن لشکر کے سربراہ اور ایک وکیل کو نامعلوم افراد نے الگ الگ واقعات میں ہلاک کر دیا تھا۔
اس علاقے میں کچھ عرصہ پہلے شدت پسندوں کے دو دھڑوں میں بھی جھڑپیں ہوئی تھیں جبکہ ایک دوسرے گروہ پر حملے بھی کیے گئے تھے جس میں ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







