مینگورہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار ہلاک

- مصنف, سید انور شاہ
- عہدہ, سوات
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے مرکز مینگورہ میں پولیس حکام کے مطابق نامعلوم افراد کے حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ایک عام شہری زخمی ہوگیا ہے۔
تھانہ مینگورہ کے محرر لیاقت علی نے بی بی سی کو بتایا کہ واقع منگل کی صبح تقریبا نو بجے اس وقت پیش آیا جب سپیشل فورس پولیس کے اہلکار احسان اللہ مینگورہ شہر کے سب سے بڑے کاروباری مرکز تاج چوک میں ڈیوٹی سر انجام دے رہے تھے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کے فائرنگ سے ایک شخص عبدالودود جن کا تعلق چارباغ کے علاقے سے ہے شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے سید شریف ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل مٹہ کے علاقے میں بھی سپیشل فورس پولیس کے ایک اہلکار کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کے ہلاک کردیا تھا جب کہ اس سے پہلے بھی سوات سمیت ملاکنڈ ڈویژن کے مختلف اضلاع میں پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔
پولیس نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا تاہم آخری اطلاعات تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔مینگورہ شہر میں دن دیہاڑے پولیس اہلکار پر حملے کے بعد شہر کے مقامی لوگ خوف کا شکار ہیں۔



