کرم: فٹ بال میچ پر خودکش حملے کی کوشش ناکام، چار ہلاک

اہلکار کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کو جب روکا گیا تو انھوں نے فٹ بال کے میدان سے باہر ہی اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشناہلکار کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کو جب روکا گیا تو انھوں نے فٹ بال کے میدان سے باہر ہی اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا دیا

پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی کی پولیٹیکل انتظامیہ کے ایک اہلکار کے مطابق فٹ بال میچ کے دوران خودکش دھماکوں اور فائرنگ سے دو حملہ آوروں سمیت چار افراد ہلاک اور ایک شخص رخمی ہوگیا ہے۔

حکام کے مطابق خودکش حملہ آوروں نے گورنمنٹ ہائی سکول علی زئی کے گراؤنڈ میں جاری فٹ بال میچ کے دوران عقبی راستے سے گراؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی، جنھیں لیویز اہلکاروں نے روکا۔

اس دوران ان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا اور بعد ازاں دونوں حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس سے ایک سول ڈیفنس کا اہلکار اور ایک عام شہری ہلاک ہوگئے۔

اہلکار کے مطابق فٹ بال میچ مقامی ٹیموں کے درمیان ہو رہا تھا اور اس وقت لوگوں کی بڑی تعداد میچ دیکھنے کے لیے آئی ہوئی تھی۔

حکام کے مطابق یہ حملہ پاراچنار سے 55 کلومیٹر دور ایک چھوٹے سے گاؤں علی زئی میں کیا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ یہ واقعہ بدھ کی شام پونے سات بجے پیش آیا۔

اہلکار نے مزید بتایا کہ اس حملے کے بعد کرم ہائی وے بند کر دی گئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ علی زئی سے قریب ترین ہسپتال 35 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔