کرم ایجنسی میں بم دھماکہ، خاتون ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں ایک دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک اور بچوں سمیت دس افراد زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی افراد نے بی بی سی کے نامہ نگار عزیز خان کو بتایا کہ دھماکہ لوئر کرم کے گاؤں پیر قیوم میں ہوا اور اس کی نوعیت معلوم نہیں ہو سکی ہے۔
دھماکے میں گل خان نامی شخص کے گھر میں موجود ایک خاتون کی ہلاکت ہوئی۔
اس واقعے میں دس افراد زخمی ہوئے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔
مقامی ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور واقعے کی تحقیقات کے لیے بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر عملہ جائے وقوعہ پرپہنچ گیا ہے۔
یاد رہے کہ گاؤں پیر قیوم کرم ایجنسی کے ہیڈ کواٹر صدہ کے قریب واقع ہے۔
کرم ایجنسی میں شدت پسندوں کی کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز اور امن رضاکاروں کو نشانہ بنانے کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔
دو ہفتے قبل پیش آنے والے واقعے میں سکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں چار اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ پشاور میں آرمی پبلک سکول پر ہونے والے طالبان حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کی طرف سے کرم ایجنسی کے بعض علاقوں میں کارروائیاں کی گئی تھیں جس میں درجنوں شدت پسندوں کے مارے جانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔







