کراچی میں امریکی نژاد پروفیسر حملے میں زخمی

،تصویر کا ذریعہ
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں نجی میڈیکل یونیورسٹی کی امریکی نژاد وائس پرنسپل ڈیبرا لوبو زخمی ہوگئی ہیں۔
ایک نامعلوم گروپ نے اس حملے کو اپنے پانچ ساتھیوں کے قتل کا ردعمل قرار دیا ہے۔
ایس ایس پی پیر محمد شاہ کا کہنا ہے ڈیبرا لوبو جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل یونیورسٹی سے گھر جا رہی تھیں کہ شہید ملت روڈ پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے ان کا پیچھا کر کے فائرنگ کی، جس سے وہ زخمی ہوگئیں۔
ان کے مطابق ڈیبرا کو پہلے مقامی اور بعد میں آغا خان ہپستال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کے مطابق55 سالہ امریکی نژاد ڈیبرا لوبو، جناح ڈینٹل یونیورسٹی کے سٹوڈنٹس افیئرز کے شعبے کی نائب انچارج ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
انھوں نے ایک پاکستانی سے شادی کی تھی اور گذشتہ کئی سالوں سے وہ یہیں مقیم ہیں۔
دوسری جانب جائے وقوع سے پولیس کو اردو اور انگریزی میں پمفلٹ بھی ملے ہیں، جس میں اس کارروائی کو کیماڑی میں پانچ ’مجاہدین‘ کی ہلاکت کا ردعمل قرار دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ رینجرز نے گذشتہ ہفتے ایک مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان کے پانچ کمانڈروں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس پمفلٹ میں امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک تم پر بھرپور حملہ نہ کریں۔‘







