کراچی میں رینجرز سے مقابلہ، پانچ ’دہشت گرد‘ ہلاک

 کراچی میں رینجرز اور پولیس شہر کے مختلف علاقوں اور مضافات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشن کراچی میں رینجرز اور پولیس شہر کے مختلف علاقوں اور مضافات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے رہے ہیں

پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز نے ایک جھڑپ میں تحریکِ طالبان سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

رینجرز کی جانب سے جاری کیے گئے پیغام میں کہا گیا ہے یہ مقابلہ بدھ کو جیکسن تھانے کی حدود میں گلشنِ سکندر آباد ٹاپو کے علاقے میں ہوا۔

پی ٹی وی نے رینجرز کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے رینجرز کے اہلکاروں پر فائرنگ کی اور دستی بم پھینکے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو اہلکار زخمی بھی ہوئے جبکہ جوابی کارروائی میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

رینجرز نے ان مبینہ دہشت گردوں کے نام حنین، جاوید یاسین، رؤف، محمد عمر اور طلحہ بتائے ہیں اور کہا ہے کہ ان کا تعلق کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان سے تھا۔

یاد رہے کہ کراچی میں رینجرز اور پولیس شہر کے مختلف علاقوں اور مضافات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شدت پسندوں اور کالعدم تنظیموں کے ارکان کے خلاف کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔

گذشتہ برس بھی 19 دسمبر کو بھی رینجرز نے کراچی کے علاقے مشرف کالونی میں ہاؤنسلو روڈ پر آپریشن کے دوران تحریکِ طالبان کے مقامی کمانڈر سمیت چار شدت پسندوں کو ہلاک کیا تھا۔