کراچی میں فائرنگ سے رینجرز کے دو اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, حسن کاظمی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں حکام کے مطابق مسلح افراد کی فائرنگ سے رینجرز کے دو اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق لانڈھی میں واقع شیرپاؤ کالونی اور خرم آباد میں رینجرز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن شروع کیا جس کے دوران ایک گھر میں موجود مسلح افراد نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے تبادلے میں ابتدائی طور پردو رینجرز اہلکار زخمی ہوئے تھے جنہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی ان کی موت واقع ہو گئی۔
فائرنگ کے دوران ایک شہری بھی زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیاگیا۔
واقعے کے بعد رینجرز نے علاقے کا محاصرہ کر کے مزید نفری طلب کر لی اور گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا جو تاحال جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آپریشن میں ایک گھر سے مالک مکان اور اس کے دو بھائیوں کو گرفتار کیا گیا جنھیں بعد میں پولیس نے رینجرز کے حوالے کردیا۔
پولیس کے مطابق رینجرز اہلکاروں نے بھی کچھ گرفتاریاں کی ہیں جن کی تفصیلات ابھی پولیس کے پاس نہیں البتہ ان میں اکثریت مقامی افراد کی ہے
پولیس کے مطابق ایک گھر سے آتش گیر مادہ اور دستی بم بھی برآمد ہوا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یاد رہے کہ کراچی کے مضافاتی علاقوں میں عمومی طور پر کالعدم تنظیموں کے کارکنوں کے خلاف کارروائیاں کی جاتی رہیں۔
دوسری جانب رینجرز حکام کی جانب سے اس واقعے کی تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آ سکی ہیں۔







