کراچی میں رینجرز پر بم حملے میں دو اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, حسن کاظمی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں رینجرز کے اہلکاروں پر بم حملے میں دو اہلکار ہلاک اور دو راہگیر بھی زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ایک خودکش حملہ دکھائی دیتا ہے تاہم ابھی اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
واضح رہے کہ نارتھ ناظم آباد کچی پہاڑی کے علاقے سے زیادہ دور نہیں جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ شہر میں شدت پسندوں کا گڑھ ہے۔
اس سے قبل جمعے کو ہی کراچی میں ایک مسجد کے باہر کھڑی موٹر سائیکل میں نصب بم پھٹنے سے دو افراد ہلاک اور سات زخمی ہوگئے۔
یہ دھماکہ کراچی کے علاقے آرام باغ میں نمازِ جمعہ کے بعد بوہری برادری کی مسجد کے مرکزی دروازے کے قریب ہوا تھا۔
انچارج سی آئی ڈی یونٹ کراچی راجا عمر خطاب نے بی بی سی کو بتایا تھا ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ سات افراد زخمی ہیں۔
کراچی میں اس سے پہلے بھی رینجرز اہلکاروں پر متعدد حملے ہو چکے ہیں۔
شہر میں ستمبر 2013 سے رینجرز کی سربراہی میں فرقہ واریت، بھتہ خوری، گینگ وار اور دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رینجرز نے اس آپریشن کے دوران درجنوں شدت پسندوں کی گرفتاری کے علاوہ بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
گذشتہ دنوں رینجرز نے کراچی میں ایم کیو ایم کے ہیڈ کوارٹر پر چھاپہ مار کر ٹارگٹ کلرز اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔







