کراچی میں القاعدہ کے مقامی رہنما ہلاک

کراچی

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنکراچی میں پولیس نے مشتبہ طالبان کے خلاف کارروائیاں تیز کی ہوئی ہیں
    • مصنف, حسن کاظمی
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

کراچی پولیس نے جمعے کی صبح ایک کارروائی میں القاعدہ کے مقامی رہنما سجاد عرف کارگل کو ان کے تین ساتھیوں سمیت ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

سی آئی ڈی کےانسپکٹر راجہ عمر خطاب کے مطابق انھوں نے قیوم آباد میں تقریباً صبح پانچ بجے خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان خاصی دیر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے دوران یہ چاروں دہشت گرد مارے گئے تاہم پولیس کا کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔

ان کے مطابق ان افراد پر ان کی کافی عرصے سے نظر تھی اور ان دہشت گردوں نے اسی علاقے میں صبح ایک سرکاری گاڑی پر حملہ کرنے کی تیاری کی ہوئی تھی۔

یہ وہی جگہ ہے جہاں رینجرز کے ایک بریگیڈیئر باسط پر فروری 2014 میں خود کُش حملہ ہوا تھا۔ بریگیڈیئر باسط اس حملے میں زخمی ہوئے تھے۔

راجا عمر خطاب نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے خود کُش جیکٹ، کلاشنکوف اور جدید اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق ان چاروں افراد پر سات پولیس اہلکاروں کے قتل کا بھی الزام تھا جبکہ شہر میں چار بم دھماکوں میں بھی ان کا ہاتھ بتایا جاتا ہے۔ سجاد نہ صرف ان کا کمانڈر تھا بلکہ ان کا ماسٹر مائنڈ بھی تھا۔