’برطانیہ کو بھی مطلوب افراد ہمارے حوالے کرنا ہوں گے‘

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کے مقدمے میں پاکستان میں گرفتار ہونے والے کسی بھی ملزم برطانیہ کے حوالے کیا گیا تو اس کے بدلے میں برطانیہ کو بھی پاکستان کو مطلوب افراد حوالے کرنا ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرموں کے تبادلوں کا کوئی معاہدہ موجود نہیں ہے تاہم اقوام متحدہ کے قوانین کے تحت منشیات، دہشت گردی اور سنگین مقدمات میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کے پابند ہیں۔
<link type="page"><caption> حیربیار پاکستان کو مطلوب: وزارت داخلہ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/story/2007/12/071211_harbiyar_reaction_zs.shtml" platform="highweb"/></link>
<link type="page"><caption> حیربیار پر دہشگردی کا مقدمہ</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/story/2007/12/071211_hyrbyair_london_ns.shtml" platform="highweb"/></link>
بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ منگل کے روز برطانوی ہائی کمشنر کے ساتھ ملاقات میں یہ واضح کیا گیا کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کے مقدمے میں پاکستانی حکومت برطانوی تفتیشی اداروں سے مکمل تعاون کرے گی۔
اُنھوں نے کہا کہ پاکستانی حکومت کو کسی ملزم کے مطلوب ہونے کی صورت میں برطانوی حکومت کو بھی ایسے ہی اقدامات کرنا ہوں گے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کے مقدمے میں تینوں افراد کو پاکستانی خفیہ اور سکیورٹی اداروں نے حراست میں لیا ہے، جن میں سید محسن علی، کاشف خان اور معظم علی شامل ہیں۔
اُنھوں نے کہا کہ گرفتار ہونے والا ملزم معظم علی لندن میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کا مرکزی کردار ہے جن سے تفتیش کے لیے مشترکہ تحققیاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت اس مقدمے میں کسی سیاسی جماعت کو نشانہ نہیں بنا رہی بلکہ اس مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جا رہی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ ایک طرف تو ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین یہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قاتل گرفتار ہونے چاہییں اور دوسری طرف اسی جماعت کی قیادت اس مقدمے کی تفتیش کے لیے بنائی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پر تحفظات کا اظہار کر رہی ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو اس معاملے پر واضح موقف کے ساتھ سامنے آنا چاہیے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بی بی سی پر ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کے مقدمے سے متعلق دستاویزی چلانے کے بعد معظم علی روپوش ہوگیا تھا اور ایک سال کے بعد اُس کے زیر استعمال موبائل فون کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔







