کرپشن کے خلاف جمشید دستی کا سائیکل مارچ

- مصنف, عدیل اکرم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے رکنِ قومی اسمبلی جمشید دستی نے کرپشن کے خلاف سائیکل پر مارچ کرتے ہوئے لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں۔
انھوں نے کرپشن کے خلاف سائیکل پر مارچ کا آغاز اپنے حلقے مظفر گڑھ سے کیا تھا اور اُن کا احتجاجی مارچ اسلام آباد پہنچ کر ختم ہوگا۔
منگل کے جمیشد دستی مظفر گڑھ سے سائیکل پر لاہور پہنچے تو اُن کے قافلے میں 35 لوگ شامل تھے۔
لاہور پہنچے پر مینار پاکستان میں رات گزارنے کی اجازات نہ ملنے پر انھوں نے رات مینار پاکستان کے داخلی دروازے سے باہر بسر کی۔
جمیشد دستی کا کہنا ہے کہ سائیکل پر اِس سفر کا مقصد کرپشن کے خلاف عوام کو توجہ مبذول کروانا ہے۔
لاہور سے اسلام آباد روانگی سے قبل جمشید دستی نے کہا کہ اسمبلی کے اگلے سیشن میںہ کرپشن کے خلاف قانون سازی سمیت تین بل ایوان میں پیش کریں گے۔
انھوں نے تجویز دی کہ کرپشن کے مقدمات کا فیصلہ دو ماہ کے اندر اندر ہونا چاہیے اور کرپشن میں ملوث مجرموں کو سرِعام پھانسی دی جائے۔
جمشید دستی کا کہنا تھا کہ کرپشن پر قابو پانے کے لیے ہر ضلع میں احتساب عدالتیں قائم ہونی چاہیے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ کرپشن کا جرم ثابت ہونے پر سزا موت دینے کا قانون ایوان میں پیش کیا جائے گا جبکہ دوسرا قانون ایسے افراد کے خلاف ہے جنھیں انگریزوں سے وفاداری کی بنیاد پر بڑی بڑی جاگیروں سے نوازا گیا۔ جمشید دستی نے کہا کہ ایسے افراد کو سیاست میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی جائے۔
جمشید دستی نے تجویز دی کہ رکن پارلیمنٹ بننے کے لیے عمر کی زیادہ سے زیادہ حد 68 برس مقرر کی جائے۔
رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا کہ قومی اسمبلی میں پیش کرنے کے لیے یہ بل سائیکل پر لے کر آنا ایک مشکل مرحلہ ہے۔

انھوں نے اپنے جسم کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ ہر جگہ مچھروں نے کاٹا ہے لیکن میں مچھروں سے لڑتے ہوئے مگر مچھوں کی طرف جا رہا ہوں ہیں کیونکہ بڑے مگر مچھ اِس ملک کو چوس رہے ہیں۔‘
جمشید دستی نےعوام سے اپیل کی وہ اس منفرد قانون سازی میں اُن کا ساتھ دیں۔ انھوں نے کہا کہ ’اگر یہ بل پاس ہو گیا تو ایوان میں بیٹھے ہوئے سب چور بھاگ جائیں گے۔‘
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ سائیکل پر پشاور تک کا سفر کریں گے اور اگر وزیرستان تک بھی جانا پڑا تو وہ جائیں گے۔







