افغان امن مذاکرات: پاکستان کامیابی کا خواہاں

،تصویر کا ذریعہ
وزیرِ اعظم نواز شریف نے اسلام آباد میں افغان سفیر جانان موسیٰ زئی کے ساتھ ملاقات کے دوران امید ظاہر کی ہے کہ افغانستان میں امن مذاکرات جلد کامیاب ہوں گے۔
سوموار کے روز ہونے والی اس ملاقات میں نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں گزشتہ سال نئی حکومت کے قیام کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں کافی پیش رفت ہوئی ہے۔
انھوں نے پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے افغانستان کے دوروں کو دونوں ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے دفاعی تعلقات کے لیے اہم قرار دیا۔
یاد رہے کہ جنرل راحیل شریف اور افغان صدر اشرف غنی کے درمیان ملاقات کے بعد سے افغان حکومت نے افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے مشاورت تیز کر دی ہے۔
امن مذاکرات
ماضی میں طالبان نے مذاکرات کرنے سے انکار کردیا تھا لیکن 19 فروری کو برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے نام ظاہر کیے بغیر ایک پاکستانی فوجی اہلکار کے حوالے سے بتایا تھا کہ طالبان نے افغان حکومت کے ساتھ بات چیت کرنے کی رضامندی کے اشارے دیے ہیں۔
اس سے قبل جنوری میں ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ قطر میں طالبان کے دفتر سے ایک وفد نےگذشتہ برس نومبر میں چینی حکام کے ساتھ بات چیت کے لیے بیجنگ کا دورہ بھی کیا تھا۔
سوموار کو ہونے والی ملاقات کے دوران افغان سفیر کا کہنا تھا کہ افغانستان کے عوام قیامِ امن کے لیے متفق ہیں۔
ملاقات کے دوران نواز شریف نے دونوں ممالک کے بین لوزارتی اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر کام کرنے کے لیے ایک رابطہ کار کی تعیناتی کی منظوری بھی دی۔اسی سلسلے میں ایک رابطہ کار افغانستان کی جانب سے بھی تعینات کیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







